کرک میں کروڈ آئل کی چوری، خیبر بنک سکینڈل کی تحقیقات کی جائیں: اے این پی
پشاور (بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی نے کرک میں اربوں روپے کے کروڈ آئل کی چوری اور خیبر بینک سکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر بنک کرپشن کیس کی جوڈیشل انکوائری نہ کر اناحکومت اور جماعت اسلامی کی پوزیشن پر سوالیہ نشان ہے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا کہ کرپشن کے خلاف واویلا کرنے والی جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ عوام پر آشکارا ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع کرک میں موجودہ حکومت کے دور میں اربوں روپے کے کروڈ آئل کی چوری کا معاملہ اسمبلی فلور پر اٹھایا گیا تاہم اس اہم اور سنگین نوعیت کے معاملے پر حکومتی خاموشی اور احتسابی اداروں کی جانب سے آنکھیں موندنا سمجھ سے بالاتر ہے ، اور اے این پی جلد اس حوالے سے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔