مسلم لیگ (ن) والے مشکل میں ہوں تو پائوں، باہر نکل آئیں تو گلا پکڑ لیتے ہیں: بلاول
کراچی‘اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ +وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) والے مشکل میں ہوں تو پائوں اور مشکل سے نکل جائیں تو پھر گلا پکڑتے ہیں۔ پیر کو ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے مشکل میں ہوں تو پائوں پکڑتے ہیں اور جب وہ مشکل سے نکل جائیں تو پھر گلا پکڑتے ہیں۔ دریں اثنا پارٹی رہنمائوں نذر محمد گوندل اور چودھری منظور سے بلاول ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز حکومت وہ پانامالیکس معاملے پرادھر ادھرہونا بند کرے اور اپنے رویے کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے خطرناک شاکس سے بچنے کے لیے بلا تاخیر اپوزیشن کے تجویز کردہ ٹی او آر کو قبول کرے۔ دوسرا کوئی بھی راستہ نہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے معاملے کو ایک بار سب کیلئے حل کرنے کیلئے وزیراعظم اور ان کے خاندان کو ایک شفاف، آزاد اور قابل قبول احتساب کے عمل سے گذرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف، ان کی حکومت اور پارٹی صورتحال سے فرار ہونے کی کوشش کرکے بڑی غلطی کر رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پانامالیکس سے فرار ہونے کا کوئی بھی راستہ نہیں کیونکہ متعدد حکومتی سربراہوں کے اس سکینڈل نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے،پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے نواز حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی او آرز پر ہٹ دھرمی کرکے خود اپنے پائوں پر کلہاڑی مار رہی ہے اور اپوزیشن کو پارلیامانی کمیٹی کے اجلاس سے بائیکاٹ پر مجبور کر رہی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی پانامالیکس معاملے پر اپنے اصولی موقف سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔ الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہو گا جس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کی نامزدگی کی جائے گی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کمیٹی میں اپوزیش کی تقرری و تبدیلی کیلئے سپیکر سردار ایاز صادق کو خط لکھ دیا ہے، جب کہ ملک رفیق احمد رجوانہ کے گورنر پنجاب بننے کے بعد اب ان کی جگہ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت کی طرف سے وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ پیر کو سینیٹر پرویز رشید نے سید خورشید شاہ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری اور پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی دونوں رہنمائوں نے الیکشن کمیشن کے ارکان چاروں ارکان کی نامزدگی اتفاق رائے سے کرنے کا فیصلہ کیا۔ سید خورشید شاہ نے صحافیوں کو بتایا ایاز سومرو علالت کے باعث بیرون ملک علاج کروا رہے ہیں، ان کی جگہ پیپلز پارٹی کی طرف سے یوسف تالپور کو کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا، کمیٹی کے دیگر ارکان میں سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر، سینیٹر اسلام الدین شیخ، سینیٹر حاجی الیاس بلور جنہیں حاجی عدیل کی جگہ نامزد کیا گیا ہے، قومی اسمبلی کے ارکان ارشد خان لغاری، ڈاکٹر درشن، محمد جنید چوہدری، کیپٹن(ر) محمد صفدر، شازیہ مری، پی ٹی آئی کے شہریار آفریدی اور ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار شامل ہیں۔