• news

دورہ انگلینڈ : محمد عامر کی تمام رکاوٹیں دور‘ دستاویزات مکمل‘ چھ ماہ کا ویزا کنفرم

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) برطانوی سفارتخانے نے محمد عامر کے سفری دستاویزات بھجوا دیئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو محمد عامر کا انگلینڈ کا 6 ماہ کیلئے ویزہ لگا پاسپورٹ موصول ہوگیا ہے، کچھ روز قبل برطانوی حکومت نے ویزہ کی منظوری دی تھی۔پی سی بی کے ترجمان رضا راشد نے بتایا کہ پی سی بی کو محمد عامر کے انگلینڈ کے ویزہ کی منظور ی کی اطلاع پہلے ہی مل گئی تھی تاہم انگلینڈ کے ہائی کمیشن سے محمد عامر کا پاسپورٹ اور ویزہ اب ملا ہے۔ محمد عامر دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ 18جون کو روانہ ہوں گے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر عامرنذیر نے محمد عامر کے ویزے کا عمل مکمل ہونے پر کہا کہ یہ قومی ٹیم کیلئے خوش آئندہے ‘محمد عامر انگلینڈ میں میزبان ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کریں گے ۔ فاسٹ باﺅلر کو چاہئے کہ وہ بورڈ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انگلش میڈیا سے دور رہیں ۔ اگروہ میڈیا سے دور رہیں گے تواپنی کارکردگی پر توجہ دے سکیں گے ۔ انگلش پچز فاسٹ باﺅلر کیلئے ساز گار ہیں ۔ محمد عامر اس سے قبل سیریز میں بھی اچھی کا رکردگی کامظاہر ہ کرچکے ہیں ۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر شعیب حبیب نے کہا کہ محمد عامر نے سزا پوری کرلی ہے اور ان کو انگلینڈ کا ویزا ملنا خوش آئندہے ۔ ان کو چاہئے کہ وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں ۔ انگلش میڈیا ان کے پیچھے پیچھے ہوگا ‘کسی بھی تنازع سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ انٹریوز کے چکر میں نہ پڑیں ۔ انگلش بلے باز پہلے ہی ان کی باﺅلنگ سے ڈر رہے ہیں ۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں قومی ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ میں اچھے نتائج دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن