مقبوضہ کشمیر: پولیس سٹیشن پر حملہ،2 اہلکار ہلاک،4 زخمی، جھڑپ ، مجاہد اور راہگیر خاتون شہید
سری نگر ( اے این این +نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین نے پولیس سٹیشن پر حملہ کر کے 2 اہلکار ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا، ڈی جی راجندرہ کمار نے الزام لگایا جموں و سرینگر ہائی وے پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران مجاہد نے سی آر پی ایف کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جھڑپ میں شہید ہوگیا، 2 خواتین اور بچہ زخمی ہوئے۔ بعد میں ان میں سے ایک خاتون چل بسی۔دوسری جانب بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کی شہادت پر دوسرے روز بھی ہڑتال رہی ،کاروباری ادارے بند کر دیئے۔ ادھر سپیشل آپریشن گروپ پلوامہ نے3 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ قاضی گنڈ کے نزدیک ادھم پور میں مجاہدین نے پولیس سٹیشن پر حملہ کیا۔ واقعہ کے بعد مجاہدین بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کیلئے فوج نے علاقہ کو محاصرہ میں لے لیا۔ کوکرناگ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید نوجوان کے قتل کیخلاف ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے کئی جگہوں پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری تعداد تعینات کی گئی تھی ہڑتال کی وجہ سے عام زندگی بری طرح سے متاثر رہی۔مذکورہ مجاہد کے گھر پر فاتحہ خوانی کی مجالس کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ سینکڑوں لوگوں نے اس کے مقبرے پر اجتماعی فاتحہ خوانی میں حصہ لیا۔ حریت پسند رہنما بھی موجود تھے جس کے دوران اسلام اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔ پولیس نے سڑکوں پر احتجاج کرنیوالے نوجوانوں پر پتھراؤ کے جواب میں لاٹھی چارج کیا اور جب وہ منتشر نہیں ہوئے تو پولیس نے اشک آور گیس کے گولے داغنے کا سلسلہ شروع کیا۔طرفین کے مابین جھڑپیں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔ جھڑپوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ کئی مقامات پر مظاہرے کئے گئے اور نوجوانوں و پولیس کے درمیان پتھرائو کے واقعات پیش آئے۔ نیشنل کانفرنس پی ڈی پی، پیپلز کانفرنس ، عوامی اتحاد پارٹی اور دوسری جتنی بھی انتخابات لڑنے والی پارٹیاں ہیں وہ سب کشمیر مسئلے کی دشمن ہیں۔ گیلانی نے کہا یہ سیاسی جماعتیں اس کلہاڑی کے دستے ہیں جو بھارت ہم پر چلا رہا ہے اور شرعی طور پر ایسی جماعتوں کو ووٹ دینا حرام ہے۔ سیاسی جماعتیں کشمیر میں جاری بھارت کے ظلم اور جبر کا ساتھ دیتی ہیں ، اور شراب ، نشے اور بے حیائی کو عام کرتی ہیں۔ اس وقت کشمیر میں اننت ناگ ضلع کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں۔بھارتی اخبار دا اکانومک ٹائمز کے مطابق حریت کے رہنمائوں سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر نے بالاتفاق رائے فوجیوں اور پنڈتوں کی مخصوص علیحدہ کالونیوں کی تعمیر کے خلاف اپنے موقف کا اعادہ کیا اور کہا وہ وادی میں ایسا نہیں ہونے دیں گے اور سول سوسائٹی کے اراکین سے مل کر وہ کشمیر ی پنڈتوں سے رابطہ قائم کریں گے ۔این این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں انٹر نیشنل سکھ فیڈریشن کے صدرپر م جیت سنگھ خالصہ اور ان کے سیکر ٹری بکرم سنگھ نے شبیر احمد شاہ سے ملاقات کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پر م جیت سنگھ خالصہ کی قیادت میں پنجاب اور کشمیر کے سکھوں پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے شبیر شاہ کو آپریشن بلیو اسٹار کو32برس پورے ہونے کے موقع پر سرینگر میں منعقدہ تقریب میں شبیر شاہ کو شرکت کی دعوت دی تھی تاہم گھر میں مسلسل نظربندی کی وجہ سے وہ تقریب میں شرکت نہیں کر سکے ۔کشمیر ی عوام سکھ براداری کا بہت احترام کر تے ہیں کیو نکہ سکھ برادری نے بھارت کی مختلف خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے سکھوں کو کشمیر چھوڑنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا ہے ۔انہوںنے پنجاب میں سکھوں کے خلاف بھارت کی ظالمانہ پا لیسوں پر شدید افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ہم سکھوں،مسلمانوں اور وسرے کمزورطبقوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ہیں ۔