• news

جیلوں پر20کروڑ 96لاکھ خرچ ہونگے، عدلیہ کیلئے18ارب 47کروڑ کا بجٹ

لاہور (نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار+ اپنے نامہ نگار سے+ سپورٹس رپورٹر) پنجاب بھر کی جیلوں کیلئے مالی سال 2016-17ء کے بجٹ میں 20 کروڑ 96 لاکھ مختص کئے گئے ہیں جبکہ سنٹرل جیل لاہور میں نشئی قیدیوں کیلئے 20 بیڈز پر مشتمل ہسپتال تعمیر کیا جائیگا۔ پنجاب کی 22 جیلوں میں 120 وارڈرز کیلئے رہائشی ڈبل سٹوری عمارتوں کے تعمیر کیلئے ساڑھے 7 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ سال 2016-17ء میں مجموعی طور پر 18 ارب 47 کروڑ 12 لاکھ 91 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے بجٹ کے مقابلے میں 3 ارب 4 کروڑ روپے زیادہ ہیں۔ عدلیہ کے شعبے میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 2 ارب 87 کروڑ 78 لاکھ 6 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں مذکورہ شعبے میں مختلف ڈیوٹیز کی صولی کی مد میں لگایا گیا تخمینہ 3 ارب 31 کروڑ 71 لاکھ 40 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔علاوہ ازیں محکمہ ماہی پروری کیلئے 75 کروڑ 50 لاکھ کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے جس میں 11 جاری اور دو نئی سکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں۔محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے مالی سال 2016-17ء کی ترقیاتی سکیموں کیلئے9 ارب 22 کروڑ 70 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جس میں 4 ارب روپے خادم پنجاب کسان پیکیج کیلئے رکھے گئے ہیں۔محکمہ سیاحت پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کے لئے نئے مالی سال2016-17ء کے بجٹ میں 10 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔محکمہ جنگلات کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 2 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کیلئے نئے مالی سال کی ترقیاتی بجٹ 73 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں بجٹ میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جن میں سے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے گزشتہ سال سے جاری منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ زکوۃ اینڈ عشر کیلئے 3 کروڑ 11 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے میمن والی ضلع شیخوپورہ میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ تعمیر کیا جائیگا اور دیگر عمارتوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔محکمہ ٹرانسپورٹ ٹوکن ٹیکس ، روٹ پرمٹ فیس و دیگر ذرائع سے 80 کروڑ 10 لاکھ روپے اکٹھے کر کے حکومت کو دیگا۔ بجٹ میں 3 عجائب گھروں کیلئے 15 کروڑ 90 لاکھ 69 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ اگلے مالی سال میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو 5 ارب 50 کروڑ روپے لاہور میں صفائی کے نظام کو ’’ چالو‘‘ رکھنے کیلئے ادا کریگی۔ صوبہ کے 6 بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور، میں سکیورٹی کیمروں ، کنٹرول روم اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے پنجاب سیف سٹی پروگرام منصوبے کے تحت 44 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انٹی گریٹیڈ کنٹرول روم کے قیام کیلئے 10 ارب 63 کروڑ 23 لاکھ مختص کئے گئے ہیں۔ لاہور میں تین تھانوں کی نئی عمارتوں کیلئے 23 کروڑ 75 لاکھ 11 ہزار مختص جبکہ گلشن راوی تھانے کیلئے 3 کروڑ 2 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن