• news

گوجرانوالہ: بجلی کے تارسے جھلسنے والی لڑکی چل بسی‘ ورثاء کا نعش کیساتھ مظاہرہ

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) 8 روز قبل جھگڑے کے دوران بجلی کے تاروں پر گر کر جھلسنے والی لڑکی دم توڑ گئی، ورثاء کا نعش سی پی او آفس کے سا منے رکھ کر مظاہرہ‘ مشتعل خواتین سی پی او آفس کا دروازہ پیٹتی رہیں‘ شدید گرمی سے دو بے ہوش ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق دھلے کے علاقہ عیدگاہ روڈ کی رہائشی سمیرا اور نیاز بی بی کے درمیان آٹھ روز قبل کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا اس دوران دھکم پیل سے نیاز بی بی چھت سے گر کر بجلی کے تاروں پر گرنے سے بُری طرح جھلس گئی تھی جو آٹھ روز موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے دم توڑ گئی۔ دھلے پولیس کی جانب سے کارروائی میں تاخیری حربے استعمال کئے جانے پر مشتعل ورثاء نے جاں بحق ہونیوالی لڑکی کی نعش سی پی او آفس کے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ اور خواتین نے سینہ کوبی کی اس دوران پولیس کی جانب سے مظاہرین کو سی پی او آفس کے اندر داخل ہونے سے روکنے کیلئے گیٹ بند کر دئیے گئے جس پر خواتین دروازہ پیٹتی اور واویلا کرتی رہیں سخت گرمی کے باعث دو خواتین احتجاج کے دوران بے ہوش بھی ہوئیں تاہم پولیس افسران کی جانب سے انصاف فراہم کئے جانے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن