لوڈشیڈنگ جاری‘ قصور‘ شیخوپورہ‘ نارنگ منڈی میں مظاہرے: گرمی سے مزید ایک شخص جاں بحق
لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ صباح نیوز) لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگ بلبلا اٹھے جبکہ طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف قصور، اور شیخوپورہ نارنگ منڈی اور جھنگ اور شیخوپورہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ پانی بھی غائب رہا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا، کئی شہروں میں سحر و افطار کے وقت بھی بجلی غائب رہی جس کے باعث لوگوںکو مشکلات کا سامنا رہا۔ وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ 2018ء تک 12568 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائیگی۔ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت 8 ہزار 533 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ گرمی کے باعث مزید ایک شخص دم توڑ گیا۔ عارفوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے باعث ایک شخص شعیب دم توڑ گیاجبکہ 3افراد بے ہوش ہو گئے ۔ جھنگ سے نامہ نگارکے مطابق چوکی مگھیانہ کے علاقہ چنبیلی مارکیٹ کے مکینوں کا بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ علاقہ مکینوں نے چوکی مگھیانہ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئیٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی قصور سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں اور مختلف تنظیموں نے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی۔ گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے شدید گرمی میں لوگ بلبلا اٹھے۔ 5-5 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی، قصور کی سیاسی و سماجی مذہبی تاجر تنظیموں اور شہریوں کو بڑی تعداد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چاندنی چوک ریلوے روڈ پر اکٹھا ہو کر روڈ کو مکمل طور پر ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا اور ٹائر بھی جلائے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ اور گردو نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور شدید گرمی سے متعدد افراد بیہوش ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف محلہ جہانگیر آباد رسولنگر بستی بلوچاں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے جبکہ لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔افطاری سحری اور نماز تراویح کے موقع پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے شہر اور گردو نواح میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ6گھنٹے سے 12گھنٹے تک کر دیا گیا۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہری بجلی کی طویل بندش کے خلاف بلبلا اٹھے ۔ شہر کے متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ مرمت کے نام پر سارا دن اور ساری ساری رات بجلی بند رہنے لگی۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ننکانہ صاحب سے نامہ نگارکے مطابق ماہ رمضان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کی زندگی اجیرن کر دی، شہر میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے جبکہ دیہات میں 17گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا ہے ، سحری، افطاری اور نماز تروایح کے وقت بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔نارنگ منڈی سے نامہ نگارکے مطابق صبح سے لیکرافطاری تک بجلی اورسو ئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ پر پوراشہر سراپااحتجاج بن گیا افطاری کے بعد مشتعل شہری سڑکوںپرنکل آئے تحریک انصاف کے رہنما عمرآفتاب ڈھلوںلیاقت علی ڈگرا اورپیپلزپارٹی کے صو بائی رہنماچوہدری عثمان نثارپنوںکی قیادت میں شہریوںسے زبردست احتجاجی مظاہرہ ریلوے سٹیشن پر سینکڑوںکی تعدادمیںلوگوںنے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ جاری رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔