مکہ اور مدینہ میں زائرین کے ہوٹلوں میں موسیقی اور فلموں کے چینل دکھانے پر پابندی
مکہ مکرمہ (این این آئی)حرمین شریفین کی عظمت اور تقدس برقرار رکھنے کیلئے سعودی کمیشن برائے ٹورزم و قومی ورثہ نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں واقع زائرین کے تمام ہوٹلوں پر چار اقسام کے ٹی وی چینل دکھانے پرپابندی عائد کر دی ہے جن میں موسیقی اور فلموں کے بعض چینل بھی شامل ہیں۔ یہ فیصلہ مقامی لوگوں کے مطالبے پر کیا گیا ہے کیونکہ ان چینلز کی نشریات ان دونوں مقدس شہروں کی حرمت کے منافی ہیں۔ کمیشن نے اپنے اس حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان دونوں شہروں کے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں حکام کو آگاہ کریں۔ ممنوعہ ٹی وی چینل دکھانے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کر کے انہیں سزا دی جائے گی۔ گزشتہ ماہ رمضان کے دوران سعودی کمیشن نے اس سلسلے میں ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا۔ سعودی کمیشن نے ہوٹلوں کے کمروں میں ٹیلی ویژن کے ریموٹ کنٹرول رکھنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔