بھارت کو این ایس جی کی رکنیت ملنے سے خطے میں جوہری تصادم ہو سکتا ہے: چینی اخبار
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی میڈیا میں چینی اخبار ’دی گلوبل ٹائمز‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکہ کی مدد سے نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں ہندوستانی کی شمولیت نہ ہی پاکستان اور نہ ہی چین کے مفاد میں ہے، جبکہ اس سے جنوبی ایشیا میں جوہری عدم استحکام پیدا ہوگا۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق خطے کی دونوں جوہری طاقتیں پاکستان اور ہندوستان، ایک دوسرے کو اپنی جوہری صلاحیتوں کے حوالے سے الرٹ رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ہندوستان کی این ایس جی میں رکنیت کی درخواست اور اس کے ممکنہ نتائج لامحالہ پاکستان میں بے چینی کو ہوا دیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے اور ہندوستان کے درمیان جوہری طاقت کے فرق کو نہیں دیکھنا چاہتا، کیونکہ اس سے نہ صرف خطے کی سکیورٹی مفلوج ہوجائے گی، بلکہ چین کے قومی مفادات بھی خطرے میں پڑجائیں گے۔اخبار میں ’ہندوستان کو ایٹمی عزائم میں خود کو اندھا نہیں کرنا چاہیے‘ کے عنوان سے ادارتی تبصرے میں، اس خوف کا اظہار کیا گیا ہے کہ اگر ہندوستان این ایس جی کی رکنیت حاصل کر لیتا ہے تو اس سے خطے میں جوہری تصادم کا خطرہ پیدا ہوگا۔
چینی اخبار