پشاور بنوں میں آندھی بارش سے تباہی دو بچوں سمیت پانچ جاں بحق بیس زخمی
پشاور + اسلام آباد ( نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ ) پشاور میں گذشتہ سہ پہر گرج چمک اور طوفانی ہواﺅں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے پھر تباہی مچا دی چھتیں دیواریں گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ، درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز 4 بجے کے قریب پشاور میں گہرے بادل چھاگئے۔ طوفانی ہواﺅں کے ساتھ بارش کے ساتھ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواﺅں سے کئی درخت ، سائن بورڈ اور کھمبے گر گئے چھتیں دیواریں بھی منہدم ہوگئیں مختلف حادثات میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے اور 20 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں گذشتہ روز بار ش کے بعد نصف گھنٹے میں ہی شہر کا درجہ حرارت 43 سے کم ہو کر 26 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا ۔ دریں اثناءایبٹ آباد ، مالاکنڈ اسلام آباد اور راولپنڈی چارسدہ ، لوئر دیر ، اپر دیر اور مانسہرہ میں بھی تیز آندھی کے بعد بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا لوگوں نے سکھ کا سانس لیا درخت بورڈ اور دیواریں گرنے کے واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ علاوہ ازیں بنوں میں آندھی سے چھتیں گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 49 افراد زخمی ہوگئے۔ راولپنڈی رات گئے بارش ہوئی۔
پشاور / بارش