وزیراعظم نوازشریف نے لندن سے حکومتی امور نمٹانا شروع کردیئے
اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے لندن میں اپنی رہائشگاہ سے نہ صرف حکومتی امور نمٹانا شروع کر دیئے ہیں بلکہ سیاسی امور پر بھی ان سے تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ان کا براہ راست رابطہ قائم ہے جو ان کو ملک کی لمحہ بہ لمحہ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ رکھ رہی ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کے قریبی ذرائع کے مطابق وزیراعظم تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اگرچہ ان کا بیشتر وقت آرام کرنے میں گزرتا ہے۔ تاہم وہ روزانہ کچھ دیر کے لئے حکومتی امور بھی نمٹاتے اور احکامات جاری کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی معمول کی زندگی واپس آنے کے بعد آئندہ چند دنوں میں میڈیکل چیک اپ کیا جائے گا۔ جس کے بعد انہیں ہوائی جہاز کے سفر کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے پارٹی رہنما¶ں کو قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومتی ارکان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کٹوتی کی تحاریک کے دوران زیادہ سے زیادہ حکومتی ارکان کی موجودگی ہونی چاہئے۔ اسی طرح ”فنانس بل“ کی منظوری کی بھاری اکثریت سے ہونی چاہئے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز‘ وزیراعظم کو ان سے ملاقات کرنے والے سفیروں کے جذبات سے بھی آگاہ کر رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے مریم نواز نے عیادت کے لئے لندن جانے کی خواہش ظاہرکی ہے لیکن ابھی تک وزیراعظم نے انہیں لندن آنے کی اجازت نہیں دی انہیں اسلام آباد میں ”سیاسی مورچہ“ قائم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم آئندہ چند روز میں انہیں لندن جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
نوازشریف / صحت یاب