• news

ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج، بیرون ملک جانے سے پھر روک دیا گیا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ماڈل گرل ایان علی کو ایک بار پھر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ ایان علی کا نام سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر ای سی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔ ایان علی گزشتہ روز دبئی روانگی کیلئے ائرپورٹ تین گھنٹے پہلے ہی پہنچ گئیں۔ ان کے ساتھ وکیل بھی تھے تاہم امیگریشن اور ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ایان علی کا نام خارج نہیں ہوا۔ پنجاب حکومت نے وزارت داخلہ کو ریفرنس بھیجا تھا جس میں ایان علی کا نام دوبارہ ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی گئی تھی۔ ریفرنس مقتول کسٹم انسپکٹر اعجاز کی بیوہ کی درخواست پر بھیجا گیا۔ مقتول کی بیوہ نے بھی ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی۔ امیگریشن حکام نے ماڈل ایان علی کو واپس بھیج دیا۔ امیگریشن حکام نے بتایا کہ آپ کا نام ای سی ایل میں موجود ہے آپ قوانین کے مطابق بیرون ملک نہیں جا سکتیں۔ ایان علی کا بورڈنگ پاس کینسل کر دیا گیا۔ ایان علی نے امیگریشن حکام سے دریافت کیا کہ انہیں قانونی کارروائی کے باوجود باہر کیوں نہیں جانے دیا جا رہا۔ امیگریشن حکام نے بتایا کہ اوپر سے احکامات آئے ہیں وہ باہر نہیں جا سکتیں۔ ایان علی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ملی اس لئے وہ گھر واپس جا رہی ہیں، مجھے عدالتوں پر پورا بھروسہ ہے۔
ایان/ روک دیا

ای پیپر-دی نیشن