سیالکوٹ: خواتین، بچیوں پر تشدد کرنیوالے ملزم نے اپنی انگلی توڑ کر 4 سالہ بچی سمیت والدہ اور دو بہنوں کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا
سیالکوٹ (نامہ نگار) تھانہ اگوکی میں خواتین اور بچیوں پر تشددکرنے والے ملزموں نے اپنے بچائو کیلئے اپنی انگلی توڑ کر چار سالہ بچی اور اس کی والدہ و بہنوں کو ملزم نامزد کرکے مقدمہ درج کروادیا۔ ڈی ایس پی صدر سرکل طارق سکھیرا کے حکم پر پولیس نے بچی کو بے گناہ قرار دیدیا ہے اور ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔ تھانہ اگوکی کے گائوں رائے پور میں رکشہ چلانے والے محنت کش ندیم کے گھر محلہ دار ملزموں نے داخل ہوکر اس کی بیوی شبانہ بی بی کے علاوہ بیٹوں کو تشدد کرکے زخمی کیا تھا جس کا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا لیکن ملزموں نے بچائو کیلئے اپنی انگلی توڑ کر شبانہ بی بی اور دیگر کے خلاف تھانہ اگوکی میں مقدمہ درج کروایا جس میںچار سالہ معصوم بچی نور فاطمہ کو بھی نامزد کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ ارشد حسین نے عبوری ضمانت منظور کی تھی جوکہ آج عدالت میں پولیس نے ریکارڈ پیش کیا جس میں چار سالہ نور فاطمہ کو بے گناہ قراردیدیا۔