پسند کی شادی گوجرانوالہ میں ماں نے حاملہ بیٹی ذبح کردی
گوجرانوالہ + کسووال (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) پسند کی شادی کرنے والی بیٹی حاملہ کو ماں نے دوسری بیٹی اور بیٹے کے ساتھ مل کر تیز دھار آلے سے شہ رگ کاٹ کر ذبح کر دیا۔ ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے خاوند کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ کسووال میں پسند کی شادی کرنے والی خاتون نے بھائی کے ہاتھوں شوہر کے قتل پر خودکشی کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ بٹرانوالی کے رہائشی ٹانگوں سے معذور نوجوان توصیف نے تین سال قبل گائوں ہی کی رہائشی مقدس کے ساتھ گھر سے بھاگ کر کورٹ میرج کی تھی جو ایک بچی کی ماں ہے۔ مقدس حاملہ ہونے کے باعث اپنی ساس کے ہمراہ حفاظتی ٹیکہ لگوانے کیلئے مقامی ہسپتال گئی ہوئی تھی جہاں سے واپسی پر مقدس کی والدہ ایمنہ بی بی اسے بہانے سے اپنے ساتھ گھر لے گئی اور اپنی بیٹی صدف اور بیٹے عدیل کے ساتھ مقدس کے گلے پر تیز دھار آلے کے وار کرکے اسے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے‘ تاہم واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقتولہ کی نعش کو ضروری پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب اروپ پولیس نے مقتولہ کے خاوند توصیف کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ ادھر کسووال کے علاقے شاہکوٹ کے نواحی گائوں 22 چودہ ایل میں مقتول غلام حیدر کاٹھیہ نے چند ماہ قبل اسی گائوں کے صابر کاٹھیہ کی بہن نسرین بی بی سے پسند کی شادی کی جس کا ملزم کو رنج تھا۔ فریقین کی مصالحت کے بعد میاں بیوی اسی گائوں واپس آگئے۔ گزشتہ شب ملزم صابر کاٹھیہ نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مقتول غلام حیدر کاٹھیہ کے گھر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کرکے اپنے بہنوئی غلام حیدر کاٹھیہ کو موقع پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول کی تدفین کے ساتھ ہی نسرین بی بی نے خود کو پستول سے گولی مار لی جسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔