اورلینڈو واقعہ: درجنوں افراد کی جان بچانے والا سابق مسلمان امریکی فوجی ہیرو بن گیا
اورلینڈو (نیٹ نیوز) اورلینڈو نائٹ کلب حملے میں درجنوں افراد کی جان بچانے والا امریکی فوج کا سابق مسلمان اہلکار عمران یوسف ہیرو بن گیا۔ چوبیس سالہ عمران یوسف نے جون دو ہزار دس سے مئی دو ہزار پندرہ تک امریکی بحریہ میں بطور سسٹم ٹیکنیشن خدمات انجام دیں اور دو ہزار گیارہ میں افغانستان میں بھی تعینات رہا۔ تاہم عمران یوسف نے گزشتہ ماہ میرین کور چھوڑ دی اور اب وہ اورلینڈو نائٹ کلب میں ملازمت کر رہا تھا۔ نائٹ کلب پر حملے کے دوران عمران نے اپنی فوجی مہارت کا استعمال کیا اور درجنوں افراد کی جان بچائی۔ فائرنگ، خوف و ہراس اور پریشانی کے عالم میں جب ہر کسی کو اپنی جان کی فکر تھی۔ اس وقت عمران نے کلب کا پچھلا دروازہ کھول دیا۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران یوسف نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سنتے ہی انہوں نے کلب کا پچھلا دروازہ کھولا اور کئی افراد کو وہاں سے نکال دیا۔ عمران کا کہنا تھا کہ انہوں نے ساٹھ سے ستر افراد کو باہر نکالا۔ اگر وہ ایسا نہ کرتے تو حملہ آور انہیں بھی ہلاک کر دیتا۔ عمران یوسف نے بتایا کہ کئی لوگ اب اسے ہیرو کا نام دیتے ہیں۔