پاکستان اسی ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بن جائیگا: روسی سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں روس کے سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان اسی ماہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا رکن بن جائے گا۔ ایوان صدر میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جون کے تیسرے ہفتے میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس منعقد ہو گا جس میں پاکستان باقاعدہ طورپر اس تنظیم کا رکن بن جائے گا۔ پاکستان تنظیم کے ایک رکن کی حیثیت سے ایک سمجھوتے پر دستخط کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے پاک روس تعلقات کو بہت اچھے قرار دیا۔