• news

بھارت اور امریکہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو افغان بارڈر پر الجھانا چاہتے ہیں: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو افغان بارڈر پر الجھانا چاہتے ہیں۔ جان بوجھ کر خطہ کے امن کو برباد کیا جارہا ہے۔افغانستان میں قائم قونصل خانوں میں پاک چین راہداری منصوبہ کو نقصان پہنچانے کی سازشیںکی جارہی ہیں۔ دشمن قوتوں کے مذموم منصوبے ناکام بنانے کیلئے جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ دفاع پاکستان کونسل کے تحت 19جون کو فیصل آباد اور 26جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنسیں ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہجویری ہائوسنگ سکیم میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام سیاسی قیادت اور سماجی تنظیموں کو دعوت دیتے ہیں کہ یہ مفادات کی سیاست کا مسئلہ نہیں ملکی دفاع کیلئے سب متحد ہو جائیں۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ہو گا تو آپ دنیامیں انقلاب برپا کر سکیں گے۔ پاکستان کیخلاف معاہدے ہو رہے ہیں۔ ہم نے کہا تھا کہ پاکستانی سرحدی علاقوں میں امریکی ڈرون پہنچ چکے ہیں۔ امریکی اسلحہ نصب کیا جارہا ہے۔ افغانستان میں شکست کھانے والا امریکہ اگر انڈیا میں آرہا ہے اور بحرہند میں آکر بیٹھ رہا ہے تو یہاں بھی کچھ نہیں کر سکے گا۔ دفاع پاکستان کونسل نے یہ تاثر ختم کر دیا ہے کہ رمضان میں تحریک نہیں چل سکتی۔ ملک بھر کے مختلف شہروں میں ہونے والے پروگراموں کی طرح 19جون کو فیصل آباد اور 26جون کو گوجرانوالہ میں ہونے والی دفاع پاکستان کانفرنسوں میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ بھارت خطے میں دہشت گردی پروان چڑھا رہا ہے۔ افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ دہشت گردی کے اڈے ہیں۔ وہیں سے پاکستان میں تخریب کاری و قتل و غارت گری پروان چڑھانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن