ساہیوال: بس اور ٹرک میں تصادم‘ 9 افراد جاں بحق‘ خواتین‘ بچوں سمیت 41 زخمی
ساہیوال+لاہور (نامہ نگار + خصوصی رپورٹر) تیز رفتار مسافر بس اور مزدا میں خوفناک تصادم‘ 9 افراد جاں بحق‘41 زخمی ہوگئے۔ سکھر سے لاہور جانے والی بس کا 134/9ایل پر مزدا ٹرک سے تیز رفتاری کے باعث تصادم ہوا، چھ افراد موقع پر جبکہ تین ہسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔41 زخمی افراد میں سے 16 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد چھ جاں بحق افراد کی میتیں ہسپتال لائی گئی تھیں اور 16شدید زخمی حالت میں لائے گئے تھے جبکہ تین ہسپتال میں پہنچ کر دم توڑ گئے۔ ہسپتال ترجمان کے مطابق تین افرادکی موت ہسپتال میں واقع ہوئی جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ دیگر زخمیوں کی تعداد 37 ہے جن میں خواتین سمیت بچے بھی شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ لیاقت اور 35 سالہ امجد خان ولد عارف خان کی لاہور کی شناخت ہوئی ہے جبکہ باقی افراد کی شناخت نہ ہو پائی ہے، زخمیوں میں محمد مجاہد ولد لیاقت علی اورمسافر نور احمد وہاڑی، ثاقب ولد ناز حسین اورحمزہ رحیم یار خان، وحیدہ بی بی اورجمیلہ بی بی سکھر، نصرت اوردوست محمد بہاولپور شامل ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ بس کی تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔ انہوں نے بتایا 134/9 ایل خطرناک موڑ ہے، اکثر ڈرائیور حضرات رات کے اوقات میں تیز رفتاری کرتے ہیں یہاں پر سپیڈ بریکرز بھی بنائے گئے ہیں مگر اکثر بس ڈرائیور اوور سپیڈ کرتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات رونما ہو جاتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ساہیوال کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔