• news

عمران فاروق کیس: 30جون تک پراسیکیوٹر تعینات نہ ہوا تو فیصلہ سنا دینگے:عدالت

اسلام آباد( آن لائن ) ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی کے باعث عمران فاروق قتل کیس میںکوئی کارروائی نہ ہو سکی ، عدالت نے تینوں ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر کے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی تعیناتی کیلئے 30 جون تک مہلت دے دی۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارہ پراسیکیوٹر تعینات کرنے میں ناکام رہا ۔فاضل جج نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل وسیم رانجھا سے استفسار کیا کہ پراسیکیوٹر تعینات کیوں نہیں کیا جا رہا ، عدم تعیناتی کی وجہ سے کارروائی تعطل کا شکار ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت پر پراسیکیوٹر تعینات نہ ہوا تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ پراسیکیوٹر تعیناتی کیلئے 30 جون تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔ ملزموں خالد شمیم ، معظم علی اور محسن علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی گئی۔ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق متفرق درخواستوں پر آج بحث ہونا تھی۔

ای پیپر-دی نیشن