پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ، چیئرمین ایف بی آر کی عدم حاضری پر برہمی
اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر کی عدم حاضری پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا اور پی اے سی سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا جائے، جس میں ان کے غیر سنجیدہ روئیے کی شکایت کی جائے۔ چیئرمین کمیٹی سید خورشید شاہ نے کہاکہ آج ایک ہی ایجنڈا تھا جس میں چیئرمین ایف بی آر کا موجود ہونا ضروری تھا مگر انہوں نے کمیٹی کو کوئی وقعت نہیں دی۔گزشتہ روز پبلک اکائو نٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید خورشید شاہ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں ایف بی آر، پی ٹی اے اور نادار حکام نے کمیٹی کو موبائل کارڈز پر حاصل کئے جانے والے ٹیکسوں کے حوالے سے بریفنگ دینی تھی مگر چیئرمین ایف بی آر کی غیر حاضری کی وجہ سے بریفنگ نہ دی جاسکی۔ پی ٹی اے اورنادار حکام اجلاس میں موجود رہے، ممبران کمیٹی کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔ چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے کہا کہ آج ون پوائنٹ ایجنڈا تھا جس میں تین اداروں کو بلایا گیا تھا مگر چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو کوئی وقعت نہیں دی۔