لیہ: لڑکی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر بااثر زمیندار کا غریب مزدور پر تشدد
لیہ(آن لائن)لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کرنے سے منع کرنے پر با اثر زمیندار نے غریب مزدور کو درخت کے ساتھ باندھ کر 24گھنٹے تک بھوکا رکھا اور بچوں سے جوتے مروائے اور اتنا تشدد کیا کے وہ لہو لہان ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک غریب مزدور نے لیہ کے ایک بااثر زمیندار کو ایک لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر منع کیا جس پر وہ ناراض ہو گیااور پہلے تو اس شخص پر اتناتشدد کیا کہ وہ لہولہان ہو گیا،اس کے بعداس غریب شخص کو درخت کے ساتھ باندھ کر 24گھنٹے تک بھوکا رکھا اور یہی نہیں بچوں سے جوتے بھی مرواتا رہا۔واقعے کی اطلاع ملنے پرتھانہ چوبارہ کی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس غریب مزدور کو زمیندار کے چنگل سے آزاد کروا کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسکا علاج جاری ہے،جبکہ با اثر زمیندار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔دوسری جانب پولیس کی طرف سے ابھی تک نہ تو زمیندار کے خلاف کارروائی کی نہ ہی اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔علاوہ ازیں صباح نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لیہ میں ایک شخص پر زمیندار کی جانب سے بہیمانہ تشدد کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔