طاہر القادری کاروبار تباہ کرنے آ رہے ہیں‘ تاجر: آج دکانیں کھلی رکھنے کا اعلان
لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میرنے کہا ہے کہ حکومت نے مال روڈ کو میرج ہال بنا دیا ہے۔ مال روڈ کے تاجر دھرنے کے روز اپنی دکانیں کھلی رکھیں گے،انتظامیہ بے بس ہو چکی ہے۔آف شور بابا جی سے درخواست وہ احتجاج کی جگہ تبدیل کرلیں۔ جسٹس منصور علی شاہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرائیں۔عید شاپنگ کا وقت قریب ہے اور طاہر القادری تاجروں کا کاروبار تباہ کرنے آرہے ہیں ۔مظاہرین یا انتظامیہ کی جانب سے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی گئی تو بھر پور مقابلہ کرینگے۔وہ لاہور پریس کلب میں صدر انار کلی بازار اشرف بھٹی ،صدر لاہور ٹریڈر الائنس صفدر بٹ، صدر لاہور آغا عدنان، انجمن تاجران مال روڈ کے صدر سہیل محمود بٹ ، رانا ادریس، عبدالودود علوی، طاہر، امتیاز احمد، شیخ عرفان اقبال، بابر اسمائیل بٹ، علی نصرت بٹ، حفیظ سندھو، ندیم پراچہ، شیخ اسرار، ملک طاہر، ملک فیض اور مال روڈ سے ملحقہ دیگر مارکیٹوں کے صدرور کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔نعیم میر کا مزید کہنا تھا مال روڈ دھرنے ،جلسے ،احتجاج اور ریلیوں کی نظر ہو چکا ہے ۔ڈی سی او اور سی سی پی او لاہور شہر کا نظام چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہمیں لیٹر جاری کیا گیا ہے کہ آج تاجر اپنی دکانیں بند رکھیں ۔ہم ان کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، سی ٹی او، ڈی سی او، سی سی پی او لاہور اگر عدالتی احکامات پر عمل نہیں کروا سکتے تو انہیں اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔