• news

قومی اسمبلی : اسحاق ڈار کی تقریر کے دوران مسلم لیگ نون کے 80 ناراض ارکان کا واک آﺅٹ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے 80 ارکان اسمبلی نے وفاقی وزیر خزانہ کے بجٹ بحث تقریر سمیٹنے کے دوران قومی اسمبلی سے واک آ¶ٹ کیا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ان ارکان کو منا کر واپس لائے، ایوان زریں کے اجلاس کے دوران نماز جمعہ کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ پر جاری بحث کو سمیٹنا شروع کیا تو رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی اس دوران حکومتی وزیر ممبران کو اجلاس میں واپس لانے کی تگ و دو کرتے رہے، اس دوران پتا چلا کہ مسلم لیگ ن کے 80 ارکان نے زراعت کے حوالے سے 3 تجاویز کو فنانس بل کا حصہ بنانے کے تجویز دی تھی، جس میں ناکامی کی وجہ سے ارکان قومی اسمبلی نے کارروائی سے واک آ¶ٹ کیا، کورم کو پورا کرنے کیلئے وفاقی وزیر دفاع وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیگی ارکان کو منا کر واپس لائے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق مسلم لیگ ن کے جھنگ سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی نجف سیال نے کہا ہے کہ 70 سے 80 حکومتی ارکان وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بجٹ سے متعلق تقریر شروع ہونے سے پہلے ہی ایوان سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔ یہ ارکان وزراء کے رویوں کے خلاف احتجاجاً ایوان سے گئے۔ نجف سیال نے کہا کہ ارکان اسمبلی لاکھوں افراد کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن وزرا بات تک کرنا گوارا نہیں کرتے۔ وزیروں نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو 70 سے 80حکومتی ارکان بجٹ کی منظوری کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق ناراض ارکان میں جعفر اقبال، سعید منہیس، ریاض الحق ججہ، نجف عباس سیال، رجب بلوچ، راﺅ اجمل، رضا حیات ہراج، شہاب الدین، عبیداللہ خان و دیگر نمایاں تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے ناراض ارکان منصوبہ بندی کے تحت اپنے مطالبات منوانے کےلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بجٹ بحث پر اختتامی خطاب میں ایوان سے غیر حاضر ہوئے۔ آفتاب شیخ اور ریاض پیرزادہ نے حکومتی ارکان کی لابی میں جا کر ارکان کو ایوان میں آنے کےلئے کہا تو ان ارکان نے ایوان میں آنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کے حلقوں کے مسائل، تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی تک ایوان میں نہیں جائیں گے، صورتحال معلوم ہونے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو ناراض ارکان کو منانے کےلئے جانا پڑا، جب تک خواجہ آصف ان ارکان کو منانے میں مصروف رہے، ایوان میں ارکان کی گنتی کا عمل جاری رکھا گیا، وزیر دفاع نے مختصراً ان ارکان کے تحفظات سننے کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیراعظم کی وطن واپسی پر ان کی وزیراعظم سے ملاقات کرائیں گے اور ارکان کی تنخواہوں، حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی عدم فراہمی سمیت تمام مسائل حل کرائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ناراض ارکان کے حوالے سے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن