پرویز رشید نے خورشید شاہ کے پھر احتراماً گھٹنے چھو لئے
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات میں ایک مرتبہ پھر احتراماً ان کے گھٹنے چھو لئے۔ خورشید شاہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے موجود میڈیا نمائندوں سے درخواست کی کہ اسے منفی رنگ نہ دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیر اطلاعات پرویز رشید اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ سے ملاقات کےلئے اپنے چیمبر سے نکلے تو انہوں نے لابی میں کھڑے اخبار نویسوں سے خورشید شاہ بارے پوچھا جس پر صحافیوں نے بتایا کہ وہ اپنے چیمبر میں موجود ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آ جائیں، آپ کی ایک اور اچھی تصویر بن جائے گی، وزیر اطلاعات جب اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں پہنچے تو انہوں نے ایک بار پھر احتراماً خورشید شاہ کے گھٹنے چھو لئے، پرویز رشید نے کہا کہ میں میڈیا کے سامنے آج دوبارہ شاہ صاحب سے ملنے آیا ہوں، خورشید شاہ صاحب سے احتراماً جھک کر ملتا ہوں، میڈیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ بزدل نہیں ہوں جیسا بھی ہوں سب کے سامنے ہوں۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سینیٹر پرویزرشید جب بھی ملتے ہیں تو احترام سے ملتے ہیں، جو ہماری اسلامی روایات میں شامل ہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہو، میڈیا سے درخواست ہے کہ اسے منفی تاثر نہ دیا جائے۔
گھٹنے