ہائیکورٹ نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف درخواست مسترد کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ مسٹر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا ملکی معیشت ڈانواں ڈول اور قومی خزانہ خالی ہونے کے باوجود ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ سادگی کے اسلامی اصول اور ملکی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی شہری صحت‘ تعلیم اور بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ ملکی ضروریات کیلئے قرض اٹھائے جا رہے ہیں مگر ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے انہیں قرضوں سے حاصل شدہ رقم سے نوازا جا رہا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو حکومت کے پالیسی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔
ہائیکورٹ/ درخواست مسترد