• news

پرسوں عوام کو اعتماد میں لیں گے‘ عمران اکیلے دھرنے کا اعلان کیسے کر سکتے ہیں : خورشید شاہ

اسلام آباد(آن لائن+ این این آئی) پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے ٹی او آر کی تشکیل سے متعلق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیر صدارت متحدہ اپوزیشن کا اجلاس انکے چیمبر میں ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر اعتزاز احسن، شاہ محمود، شیخ رشید، خالد مقبول صدیقی، اسرار اللہ زہری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے موقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پیر کو سینیٹر اعتزاز احسن کے رہائشگاہ پر متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہو گا جس میں پارلیمانی کمیٹی کے تمام ممبران شرکت کریں گے۔ تمام دستاویزات سامنے رکھ کر مشاور ت کریں گے۔ ٹی او آر پر تمام معاملات کا جائزہ لے کر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ این این آئی کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو عوام کو اعتماد میں لیں گے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ پیر کے روز ٹی اوآرز پر قوم کو اپنے اور حکومت کے موقف سے آگاہ کریں گے، پریس کانفرنس میں ٹی اوآرز کمیٹی میں اپوزیشن کے تمام ارکان شریک ہوں گے۔ اعتزاز احسن نے کہاکہ وزیر اعظم باربار اپنے احتساب کا کہتے ہیں ان کا موقف ہے کہ چھپانے کو کچھ نہیں، تاہم حکومت معاملے کو التوائ￿ میں ڈالنے کے لئے تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔ لگتا ہے کہ وزیر اعظم کے درباری انہیں بچانا چاہتے ہیں اس تمام صورتحال پر بہت تشویش ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کمیٹی میں نمائندگی نہ رکھنے والی جماعتوں کے رہنما?ں کو بھی اپوزیشن اجلاس میں دعوت دی گئی اور سب کو اعتماد میں لیا ہے۔ ہم نے اجلاس میں مایوسی کا اظہار کیا اور حکومت کے منفی رویئے پر اجلاس کے شرکائ￿ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماراموقف بہت معقول ہے پیر کے روز قوم کو اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم کو احتساب سے انکار نہیں تاہم چند درباری انہیں ایسا نہیں کرنے دے رہے۔خورشید شاہ نے کہاکہ بس اب بہت ہوگیا عوام کو سب بتادیں گے ٗسوموار کو اعتزاز کے گھر پر پریس کانفرنس کریں گے۔ اجلاس میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن نے اکٹھے چلنا ہے تو عمران خان اگست میں اکیلے لانگ مارچ یا دھرنے کا اعلان کیسے کرسکتے ہیں؟ شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کرائی کہ سولو فلائٹ کی بجائے اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کرچلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن