الیکشن کمشن غیر فعال ہونے کے باعث 32 سے زائد کیسز زیر التوا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن غیر فعال ہونے کے باعث 32 سے زائد کیسز التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات سے متعلق 22 مختلف درخواستیں دھاندلی سے متعلق صوبائی اور قومی حلقوں کی 10 عذر داریاں زیر التوا ہیں۔ الیکشن کمشن میں 10 جون کے بعد کسی کیس کی سماعت نہیں ہوئی۔ سپیکر ایاز صادق کیخلاف ریفرنس پر محفوظ فیصلہ 20 جون کو نہیں سنایا جا سکے گا۔کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف اثاثہ جات کیس بھی زیر سماعت ہے ۔ پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ میں خوردبرد کے کیس کی سماعت بھی رک گئی۔ نئے ارکان کی تقرری کے بعد الیکشن کمشن فعال ہو گا۔الیکشن کمشن کے غیرفعال ہونے سے خیبر پی کے کے چودہ اضلاع پشاور‘ چارسدہ‘ مردان‘ صوابی‘ کرک‘ بنوں‘ لکی مروت‘ ڈی آئی خان‘ ٹانک‘ ایبٹ آباد‘ مانسہرہ‘ بونیر‘ اپردیر اور لوئر دیر میں اٹھارہ جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔