سندھ رینجرز کا ملزموں کو90روز تحویل میں رکھنے کا اختیار ختم
کراچی(آئی این پی) وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی ایکٹ میں تبدیلی کر کے 15 جون 2014 کو کراچی میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دیئے اور ایکٹ کی دفعہ 11 ڈبل ای ڈبل ای کے تحت کسی بھی دہشت گرد کو 90 روزہ تحویل میں رکھنے کا اختیار دو سال کیلئے دیا گیا تھا۔ اختیارات ملتے ہی رینجرز نے کراچی میں بھرپور کارروائی کی اور سینکڑوں دہشت گردوں کو گرفتار کر کے 90 روزہ تحویل حاصل کی۔ رینجرز کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہر میں امن قائم ہوا۔ رینجرز نے ڈاکٹرعاصم ، سمیت 2 سو سے زائد ملزموں کو 90 روز تحویل میں لیکر تفتیش کی لیکن اب رینجرز کے یہ خصوصی اختیارات 14 جون کی رات ختم ہوگئے، ہم دو روز گزر گئے وفاق نے اختیارات میں توسیع کیلئے آرڈیننس یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ رینجرز نے بھی 15 جون سے دہشت گردوں کو عدالت میں پیش کرنا بند کردیا۔