• news

افتخار چودھری نے ارسلان کیس کی جیسے تحقیقات کرائی سب کے سامنے ہے: پرویز رشید

لندن + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) وزیر اطلاعات پرویز رشید، معاون خصوصی خارجہ امور طارق فاطمی اور پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد وزیراعظم کی طلبی پر برطانیہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے طارق فاطمی اور فواد حسن فواد کو لندن طلب کیا تھا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی نظام پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، دھرنوں سے پاکستان کے سیاسی نظام کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان یو ٹرن کے ماسٹر ہیں۔ پی ٹی آئی والوں کی سب سے زیادہ آف شور کمپنیاں ہیں، تحقیقات ہوئی تو عمران خان بھی لپیٹ میں آئیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف سے الیکشن کمشن کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔ عمران خان ٹی او آر پر اتفاق رائے نہیں ہونے دے رہے۔ اس سے قبل لندن روانگی سے قبل مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر پرواز کو روک لیا گیا۔ طیارہ ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوا۔ پی آئی اے کی لندن جانے والی پرواز پی کے 785 میں مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر پرواز کو اڑان سے قبل ہی رن وے پر روک لیا گیا، بعدازاں پرواز ایک گھنٹے تاخیرکے بعد روانہ کی گئی۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ پاکستان کے مفادات کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرتی ہے‘ ہر شہری جہاں جانا چاہے اسے مکمل حق حاصل ہے۔ جسٹس افتخار چودھری نے جیسی تحقیقات ارسلان کیس کی کرائی وہ سب کے سامنے ہے۔ افتخار چودھری دوسروں پر انگلی اٹھائیں گے تو اپنے گریبان میں بھی جھانکیں گے۔ افغانستان کی صورتحال میں وزارت خارجہ پاکستان کے مفاد کیلئے ہر سطح پر کام کر رہی ہے۔ پانامہ پیپرز پر تحقیقات شروع ہوئی تو عمران کو جواب دینا ہو گا۔ عمران نے پانامہ کے ذریعے لندن میں جائیداد خریدی‘ عمران یوٹرن کے ماسٹر ہیں‘ پی ٹی آئی والے اسی لئے ٹی او آر پر اتفاق نہیں ہونے دے رہے کسی کے پاس الزامات کے شواہد ہیں تو عدلیہ اور نیب کو فراہم کرے۔ پاکستان میں عدلیہ اور نیب آزاد اور خودمختار ادارے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن