• news

اسحاق ڈار کے بیٹے کا ہرجانے کا دعویٰ، بابر اعوان عمران کے وکیل مقرر سربراہ پی ٹی آئی کو دوبارہ نوٹس جاری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی مصطفی ڈار کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد راجہ خرم علی خان نے کی۔ عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ بابر اعوان کو وکیل نامزد کیا گیا ہے۔ مصطفی ڈار نے دعویٰ میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے پانامہ لیکس کے حوالے سے پریس کانفرنس میں ان پر غیرقانونی جائیداد بنانے کا بنیاد الزام عائد کیا۔ علی مصطفی نے مطالبہ کیا عمران خان جھوٹے الزامات پر معافی مانگیں اور ہر جانے کے طور پر 5 ارب ادا کریں۔ عمران خان کی لیگل ٹیم نے ہتک عزت کے ہرجانہ کیس میں وکالت نامہ اور جواب دعویٰ داخل کرنے کی لیے مہلت طلب کی اور استدعا کی کہ کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کی جائے تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو جواب داخل کرنے کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27جون تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں بابر اعوان نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں پانامہ لیکس، ہرجانے کیس ٹی او آر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن