مشتاق رئیسانی کیس: کراچی ڈیفنس میں کروڑوں روپے کے 12 بنگلوں کا انکشاف
کراچی/کوئٹہ (آئی این پی) مشتاق رئیسانی کرپشن کیس میں مزید اہم پیش رفت، نیب نے سابق صوبائی سیکرٹری خزانہ کی ڈیفنس کراچی میں موجود جائیداد اور سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کے گھر میں سرکاری ملازمین کو نوکر بنا کررکھنے کا سراغ لگا لیا، رئیسانی کے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں، سونا اور اہم دستاویزات برآمد کرلی گئیں۔ نیب بلوچستان نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ چھاپہ کے دوران انکشاف ہوا انہوں نے چار سرکاری ملازمین کو ذاتی ملازم بنا کر گھر میں رکھا ہوا تھا۔گھر کی تلاشی کے دوران وہاں سے رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔ ترجمان نیب بلوچستان کے مطابق کراچی کے علاقے میں ڈیفنس میں سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے بارہ بنگلوں کا انکشاف ہوا ہے۔ چھاپے کے دوران انکے بنگلے سے کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں سونا اور دیگرا ہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔