طاہرالقادری کا حکم نظرانداز‘ کارکن دھرنے کی جگہ کچرے کا ڈھیر چھوڑ گئے
لاہور(خصوصی رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم کو ان کے کارکنوں نے نظرانداز کردیا اور مال روڈ سے واپس جاتے ہوئے کھانے پینے کی بچی کھچی اشیاء سمیت پانی اور کولڈ ڈرنکس کی خالی بوتلیں اور ڈسپوزیبل پلیٹیں اور گلاس وہیں چھوڑ گئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کے عملے نے کئی گھنٹے لگا کر دھرنے والوں کا گند اٹھادیا۔ اس مسئلہ کے لئے پندرہ سے زائد خاکروب اور چار گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ لگ بھگ پندرہ ٹن کوڑا اٹھایا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عوامی تحریک والے سڑک کے درمیان بچھی کرسیاں اور کنٹینر بھی وہیں چھوڑ گئے۔ انہیں بھی ضلعی انتظامیہ کے عملے نے سڑک سے ہٹایا اور صبح نو بجے کے قریب ٹریفک بحال کی گئی۔