• news

دہشت گرد حملوں کا خطرہ بیلجیئم میں بڑے پیمانے پر کریک ڈائون 12 مشتبہ گرفتار

برسلز(رائٹرز) بلجیئم کی پولیس نے دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ مشتبہ افراد کی گرفتاری کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کیا گیا۔ وفاقی پراسیکیوٹر آفس کے بیان کے مطابق ملک بھر میں گھر گھر تلاشی لی گئی اور پولیس 40مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لئے اپنے ساتھ لائی۔ جرائم اور دہشت گردی کے متعلقہ سوالات اور تفتیش کے بعد 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفتیش کرنے والوں نے ملزموں کے آپس میں رابطے کی تصدیق کردی ہے۔ واضح رہے فرانس میں ہونے والے یورو کپ 2016ء فٹ بال ٹورنامنٹ کی وجہ سے یورپ میں ہائی الرٹ ہے جبکہ مارچ میں برسلز میں ایک خودکش حملے میں 32 لوگ اور نومبر میں پیرس میں خودکش حملے کے نتیجے میں 130 لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔ نشریاتی ادارے وی ٹی ایم کے مطابق گرفتار ملزمان یورو کپ میں ہونے والے بلجیئم کے میچ کے دوران برسلز میں حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ بلجیئم پولیس کو انسداد دہشت گردی کی وارننگ ملی تھی کہ داعش کے کچھ لوگ شام سے یورپ آئے ہیں اور بلجیئم اور برسلز میں حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن