• news

طالبہ سے زیادتی کے ملزم عدنان ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کیلئے اپیل پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے دوبارہ دائر

لاہور (وقائع نگار خصوصی) مبینہ اجتماعی زیادتی کی شکار طالبہ سے زیادتی کے مرکزی ملزم عدنان ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کی اپیل پر عدالت عالیہ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض دور کرکے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دوبارہ دائر کردی گئی۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم عدنان ثناء اللہ نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ آٹھویں جماعت کی طالبہ کو دھوکے سے ہوٹل میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی مجسٹریٹ کے روبرو پیش ہو کر اس بات کی تصدیق کرچکی ہے کہ عدنان اجتماعی زیادتی کا مرکزی ملزم ہے۔ ملزموں نے لڑکی کو دباؤ میں لا کر بیان بدلنے پر مجبور کیا اور لڑکی کے بیان حلفی کی روشنی میں سیشن عدالت نے مرکزی ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا۔ ملزموں کے دباؤ پر لڑکی کی جانب سے سیشن عدالت میں دوسرے بیان کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مرکزی ملزم عدنان ثناء اللہ کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ رجسٹرار آفس نے اپیل کے ساتھ سیشن عدالت کے فیصلے کی مصدقہ کاپی منسلک نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن