• news

مقبوضہ کشمیر: دو نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مکمل ہڑتال، مظاہرے، جھڑپیں ، متعدد زخمی

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں سوپور کے علاقے بومئی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے دو نوجوانوں الطاف احمد میر اور امتیاز احمد لون کی یاد میں قصبہ سوپور، پٹن اور ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی اورلوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے جس کی وجہ سے علاقے میں معمولات زندگی معطل ہوکر رہ گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کے باعث تمام کاروباری ادارے اورسکول و کالج بند رہے جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہی۔ نوجوانوں کے قتل پرلوگوں نے بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ،لوگ اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے لگارہے تھے ۔بھارتی فورسز نے مظاہرین کو سوپور قصبے میں جانے سے روکنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے، پیلٹ گن اور پیپر گیس کا بے تحاشا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 11افراد شدید زخمی ہوگئے۔ فورسز اور مظاہرین کے درمیان مختلف علاقوں میں دن بھر جھڑپیں جاری رہیں۔ دو درجن سے زائد نوجوانوں کوگرفتار کرلیا گیا۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں الطاف احمد اور امتیاز احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کا ایک وفد شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ان کے گھر گیا۔ انہوںنے اس موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے باعث تنازعہ کشمیر عالمی سطح پرتوجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جبر و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے لہذا اسے حقائق کا ادراک کرتے ہوئے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن