• news

وزیراعلیٰ کا عام کوچ میں بغیر پروٹوکول سفر، ہڈیوں کے مرض میں مبتلا بچے وسیم کی باتیں سن کر آبدیدہ ہوگئے

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے روزے کے دوران شدید گرمی اور حبس کے باوجود ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ اور سبزی منڈی کے سستے رمضان بازار کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ ٭وزیراعلیٰ عام کوچ میں بغیر پروٹوکول سفر کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچے۔ ٭وزیراعلیٰ نے اپنی کوچ کے پیچھے بعض سرکاری گاڑیاں آنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا میں عام کوچ میںسفر کرسکتا ہوں تو افسروں کو بھی کوچ میں ہی آنا چاہئے، آئندہ میرے ایسے دوروں کے دوران کوئی فالتو گاڑی نظر نہیں آنی چاہئے جس پر گاڑیوں کو پیچھے روکدیا گیا۔ ٭وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں اورادویات کی فراہمی کے بار ے میں دریافت کیا۔ ٭مریضوں اور انکے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ یہاں کے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بہت اچھا ہے خصوصاً ڈاکٹر عدنان قیصر بہت فرض شناس ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر عدنان قیصر کو شاباش دی اور کہا کہ آپکی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ ٭مریضوں کے لواحقین نے ہسپتال آ کر علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لینے پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے اقدام کو سراہا اور انہیں دعائیں دیں ٭وزیراعلیٰ فرداً فرداً مریضوں کے پاس گئے اور ان سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ ہسپتال میں زیر علاج والدین کی شفقت سے محروم ہڈیوں کے مرض میں مبتلا بچے وسیم سے بھی ملے۔ وسیم نے وزیراعلیٰ کو جب اپنی روداد سنائی کہ میرا باپ ہے نہ ماں اور میں اس دنیا میں اکیلا ہوں۔ مرض کی وجہ سے مجھے بہت تکلیف ہے۔ آپ خادم پنجاب ہیں، میری مدد کریں۔ وزیراعلیٰ بچے وسیم کی باتیں سن کر آبدیدہ ہو گئے اور انہوں نے بچے کے سر پردست شفقت رکھتے ہوئے کہا کہ وسیم کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں مفت فراہم کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن