• news

سمگلنگ سے معیشت کو سالانہ 2 ارب 64 کروڑ ڈالر کا نقصان ہورہا ہے: ایف بی آر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایف بی آر نے ملکی معیشت اور سمگلنگ کے حوالے سے رپورٹ تیار کرلی جس میں کہا گیا ہے کہ ملک کی معیشت کو سمگلنگ سے سالانہ 2 ارب 64 کروڑ ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹائروں کی سمگلنگ سے 12 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ سب سے زیادہ نقصان موبائل فون سمگلنگ سے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر سگریٹ کی سمگلنگ سے 3 کروڑ، سٹیل شیٹ سے 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، پٹرول سے 85 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ رپورٹ میں 12 اشیا کی سمگلنگ کی نشاندہی کی گئی۔ کسٹمز ڈیوٹی، سلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں نقصان ہو رہا ہے۔ دوسری طرف آئی این پی کے مطابق ایف بی آر نے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے اکائونٹس منجمد کرنے کی دھمکی دیدی، پی آئی اے ملازمین کو عید سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی بھی خطرے میں پڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے پی آئی اے کو نوٹس دیدیا ہے کہ وہ ٹیکس کے حوالے سے بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بنائے اگر ایسا نہ کیا تو پی آئی اے کے اکائونٹس کومنجمد کردیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن