امریکہ، بھارت راہداری کی مخالفت میں کروڑوں ڈالر لگا رہے ہیں، پاک چین دوستی کے خلاف سازشیں ناکام ہونگی: دفاع پاکستان کونسل
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ لیکس سے ملک کو بدنام کرنے والے اس ملک کی جان چھوڑ دیں‘ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کو مزید بدنام نہ کریں۔اب کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے والے میدان میں ہیں۔ ہم نے بھیک مانگ کر لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کرنی بلکہ کشمیر حاصل کر کے کسانوں کو مفت بجلی فراہم کرنی ہے۔26جون کو گوجرانوالہ میں بڑا جلسہ ہو گا۔ ملتان، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی دفاع پاکستان کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ مودی اوبامہ معاہدے کاغذی حیثیت رکھتے ہیں۔پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کیلئے 18 کروڑ پاکستانی متحد و بیدار ہیں۔ شکیل آفریدی غدار ہے‘ اس کی امریکہ حوالگی کیلئے کوئی دبائو قبول نہ کیا جائے۔ بھارت و امریکہ اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ پاک چین دوستی میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔بلوچستان میں ڈرون حملہ اور افغان بارڈر پر پاک فوج کو الجھانا بہت بڑی سازش ہے۔ داعش امریکی پیداوار ہے۔امریکہ بھارتی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پنڈتوں اور فوجی کالونیوں کے نام پر آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں ہو نے والی کانفرنس سے چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ،مولانا محمد احمد لدھیانوی، پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی، مولانا فضل الرحمان خلیل،پیر سید ہارون گیلانی،علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،عبداللہ گل،قاری محمد یعقوب شیخ،حافظ فیاض احمدودیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شہر اور اس کے گردونواح سے دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے ہزاروں کارکنان اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران شرکاء کی طرف سے امریکہ و بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ دفاع پاکستان کونسل کی قیادت اورہزاروں افراد نے ضلع کونسل چوک میںروزہ افطار کیا اور حافظ محمد سعید کی امامت میں نماز مغرب ادا کی گئی۔ چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب میں کہاکہ رمضان المبار ک سے دفاع پاکستان کی شروع ہونے والی تحریک رمضان کے بعد بھی جاری رہے گی۔ مسلمان شدید گرمی میں اسلام و پاکستان کے دفاع کیلئے زبردست جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں ڈرون حملہ امریکہ کی بہت بڑی سازش تھی۔ سیاسی جماعتیں امریکہ کی ناراضگی کے ڈرسے خاموش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل کی تحریک پوری قوت سے جاری رہے گی۔ امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاکہ دنیا کا منظر بدل رہا ہے ۔بہت بڑی دفاع کی قوت تیار ہو رہی ہے۔ پانامہ لیکس سے ملک کو بدنام کرنے والے اس ملک کی جان چھوڑ دیں۔ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کو مزید بدنام نہ کریں۔ اب ان قوتوں کو میدان میں آنا ہے جنہوںنے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانا، اس ملک کو غیرملکی قوتوں کی غلامی سے نکالنا اوربھیک مانگ کر لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کرنی بلکہ کشمیر حاصل کر کے کسانوں کو مفت بجلی فراہم کرنی ہے۔ اس سے ملکی صنعت مضبوط ہو گی۔ کشمیر ملنے سے انقلاب آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل فعال ہو چکی۔ مایوسیاں ختم اور قوم متحد ہو رہی ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد کی طرح 26جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی۔ دشمنوں کے ارادے خاک میں ملیں گے۔ مودی اوبامہ معاہدے کر رہے ہیں ۔ بحرہند کی ناکہ بندی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ امریکہ جو افغانستان میں نہیں کر سکا انڈیا کو استعمال کر کے کرنا چاہتا ہے۔ بھارت باز نہ آیا تو تحریک آزادی کشمیر اور آگے بڑھے گی۔ مودی اوباما معاہدے کاغذی حیثیت رکھتے ہیں۔ ا س موقع پر انہوںنے یہ شعر پڑھا کہ یہ خنجر اٹھے گا نہ تلوار ان سے ‘ یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ چاروں طرف سے پاکستان کا گھیرائو کیا جا چکا ہے،پاکستان دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے،عوام جانتے ہیں کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔ ملک کو سیکولر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔قوم اپنے عقیدہ و نظریہ کے تحفظ کے لئے متحد ہو جائے۔ امریکہ نے افغانستان کی سرزمین بھارت کے حوالے کی تا کہ پاکستان میں دہشت گردی و تخریب کاری کرے۔امریکا و نیٹو کو ذلت آمیز شکست ہو چکی۔اس خطے میں ایک نئی جنگ چھیڑی جا رہی ہے ۔پاکستان کو تنہا کیا جا رہا ہے ۔ہمیں افواج پاکستان پر اعتماد ہے۔ ڈھاکہ میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دینے سے نظریہ پاکستان زندہ ہو رہا ہے۔جس ملک کا وزیر خارجہ نہ ہو ایسے حکمران ملک کی حفاظت کیسے کریں گے؟انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کئے بغیر ملک کی معیشت نہیں سنبھل سکتی۔ دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ دنیا بھر کے سفیروں سے ملاقات کریں گے ، اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ ختم نبوت کی تحریک کا آغاز بھی فیصل آبا د سے ہوا تھا۔آج دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی قیادت میں شدید گرم موسم میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کی قیادت اور ہزاروں افراد فیصل آباد میں جمع ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل اورجماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنماپروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کوافغانستان کی سرزمین پربدترین شکست کا سامنا ہے۔ وہ بدلہ لینے کیلئے بدحواسی میں پاکستان اور اس کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ بیرونی قوتیں پاکستان کو بحیرہ عرب اور عرب دنیا سے دور رکھنا چاہتی ہیں۔پاکستان اور سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انصار الامۃ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ پاکستان کے تنہا اور کمزور ہونے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔دینی مدارس کے طلباء اور عوام دفاع پاکستان کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں،امریکہ و بھارت پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔افغانستان میں روس کی شکست ہوئی تھی امریکہ و انڈیا بھی ناکام ہوں گے۔ پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ آج کا اجتماع یہ بات ثابت کر رہا ہے کہ پاکستان آج بھی نظریاتی ملک ہے۔جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ابتسام الہیٰ ظہیر نے کہا کہ فیصل آباد نبی ﷺ کے غلاموں کا شہر ہے۔دفاع پاکستان کے لئے حافظ محمد سعید کا سا تھ دیں،نظریاتی سرحدوں کے محافظ علماء کرام و دینی جماعتیں ہیں۔ اسرائیل،انڈیا ،امریکا شکست کھائیں گے ،ڈالروں والے بھاگ جائیں گے۔پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والا نہیں بچ پائے گا۔متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر سید ضیا ء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ دفاع پاکستان کانفرنس کے شرکاء کا ولولہ دیکھ کر حوصلہ ہوا کہ حافظ محمد سعید کے جانثار وطن عزیز پر قربان ہونے کے لئے میدان میں ہیں۔تحریک نوجوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے کنوینر قاری یعقوب شیخ، جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسئول فیاض احمد و دیگر نے کہا کہ پاکستان کو نیو کلیئر سے محروم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔