اسلام آباد میں جب تک بھارتی یار‘ امریکی وفادار بیٹھے ہیں‘ خوشحالی نہیں آسکتی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں فساد کا مرکز اسلام آباد ہے۔ جب تک اسلام آباد میں امریکی وفادار اور بھارتی یار بیٹھے ہیں‘ امن اور خوشحالی نہیں آسکتی۔ حکمرانوں کو عوامی مسائل اور پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں۔ ادویات مہنگی اور شراب سستی ہے۔ لاکھوں لوگ فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور ہیں۔ یتیموں‘ مسکینوں اور بیوائوں کا کوئی پرسان حال نہیں حالانکہ مستحق اور نادار لوگوں کی کفالت کی ذمہ داری ریاست اور حکومت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق ٹائون لاہور میں ہونے والی سات روزہ فہم قرآن کلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سود‘ کرپشن اور کمیشن نے پورے نظام کو تباہی سے دوچار کر دیا۔ کرپٹ‘ لینڈ اور ڈرگ مافیا کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر جیلوں میں بند کرنے کی ضرورت ہے۔ وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم نے معاشرے میں مایوسی اور بے چینی کو جنم دیا۔ لوگوں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں۔ عدالتی نظام سے لوگوں کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ کسی غریب کو تھانے کچہری اور عدالت سے انصاف نہیں ملتا جبکہ بااثر ملزموں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو حال یہ ہے کہ لوگ سول عدالتوں سے مایوس ہوکر فوجی عدالتوں سے انصاف مانگ رہے ہیں‘ لیکن فوجی عدالتیں بھی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو اس وقت انصاف میسرآسکتا ہے جب ملک میں قرآن کے مطابق فیصلے ہونگے۔ سراج الحق نے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں دن دہاڑے 14 معصوم سیاسی کارکنوں کو شہید کر دیا گیا مگر دو سال بعد بھی انہیں انصاف نہیں ملا۔ حکمران اللہ کے غضب سے ڈریں اور قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں قرارواقعی سزادی جائے۔