چھٹی کے روز بھی لوڈ شیڈنگ ، لاہور، شیخوپورہ میں مظاہرے: فیروز والہ، لیسکو آفس کا گھیرائو
لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ خصوصی نمائندہ)چھٹی کے روز بھی گرمی میں لوڈ شیڈنگ جاری رہی جس کیخلاف لاہور اور شیخوپورہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ فیروزوالہ میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے لیسکو آفس کا گھیرائو کرلیا جبکہ کئی شہروں میں سحر و افطار کے دوران بھی بجلی کی بندش جاری رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چھوٹے بڑے شہری علاقوں میں 7 سے 9 جبکہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 سے 17 گھنٹے تک رہا، مختلف علاقوں میں پانی کا بحران بھی جاری ہے۔ دعوئوں کے باوجود مختلف مقامات پر سحری اور افطار کے موقع پر بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس سے روزہ داروں کو شدید مشکلات درپیش رہی۔ صوبائی دارالحکومت میں گلبرگ کے علاقہ مکہ کالونی اور اقبال ٹائون کے راوی بلاک میں 15 گھنٹوں سے زائد تک بجلی کی بندش کیخلاف مظاہرے کئے گئے اور نعرے بازی کی گئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت بھی بر قرار رہی جس کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ عبدالمالک میں مسلسل بجلی کی بندش پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے لیسکو آفس کا گھیرائو کرلیا، پولیس کی بڑی نفری موقع پر پہنچ گئی ، مظاہرین نے لاہور، شیخوپورہ روڈ بلاک کرکے ٹائر جلا کر احتجاج کیا ٹریفک کی بندش پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین نے بتایا کہ واپڈا فیض پور کی طرف سے مسلسل غیر قانونی بجلی کی بندش کا سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے ستائے ہوئے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیالوگوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے پر بل جمع کروانے سے انکار کردیا ہے علاوہ ازیں شیخوپورہ لاہور روڈ ہائوسنگ کالونی کے قریب شہریوں نے طویل لوڈشیڈنگ کے خلا ف ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی اور حکومت واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس سے شیخوپورہ لاہور روڈ کی ٹریفک بلاک ہوگئی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا چھٹی کے روز بجلی کی غیراعلانیہ اور بد ترین لوڈ شیڈنگ سے روزہ دار بلبلا اٹھے۔ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 جبکہ دیہات میں 17 گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے کے باعث کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور گردو نواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے روزہ داروں کیلئے شدید مشکلات پیدا کر دیں، سحر و افطار اور نماز تراویح کے وقت مسلسل بجلی بند ہونے سے روزے دار پریشان رہے۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق سحر اور افطار کے وقت غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا بجلی گھنٹوں غائب رہنے لگی، مسلسل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی نایاب ہوگیا۔ عوامی و سماجی حلقوں تاجر برادری نے احتجاج کیا۔ علاوہ ازیں وزارت پانی و بجلی نے 17350میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔ گزشتہ روز بجلی کی پیدوار کا 17272 میگاواٹ کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ترجمان کے مطابق افطار کے اوقات میں ملکی تاریخ میں پہلی بار 17350 میگاواٹ کا بلند ترین ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔ اس اضافے کی وجہ سے سسٹم میں بہتری آئی اور 27 فیصد بجلی پیدا کرنے کی استطاعت میں اضافہ ہوا ہے ۔