گوادر پورٹ اور اقتصادی راہداری منصوبہ جامع ترقی کیلئے ناگزیر ہے
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رانا اخلاق احمد نے اور سینئر وائس چیئر مین محمد اجمل قصوری نے گوادر پورٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو اس خطے کی جامع ترقی کیلئے نا گزیر قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر عام حالات میں پاکستان نے سو سال میں ترقی کرنی ہے تو گوادر اور سی پیک کی وجہ سے وہ یہ اہداف صرف دس سالوں میں حاصل کرے گا ۔اپنے ایک مشترکہ بیان میںانہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئی ہمسایہ ملک گوادر سی پورٹ اور سی پیک کو اپنے معاشی مفادات کیلئے خطرہ سمجھتے ہیں حالانکہ اس سے صرف پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہو گا ۔انہوں نے وزیرا عظم نواز شریف کی موجودہ حکومت اور پاکستان کی مسلح افواج کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ان منصوبوں کو بنانے اور ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے ۔انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف خود ان منصوبے کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس سال دسمبر تک گوادر پورٹ فنگشنل ہو جائے گی۔ انہوں نے پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرنے پر چین کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صرف ان منصوبوں سے چین کی معیشت میں پچاس فی صد اضافہ ہوگا جب کہ اس کے نتیجہ میں پاکستان میں ترقی کی رفتار بھی مزید تیز ہو گی ۔