• news

پاکستان کا اسلامی تشخص برقرار رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے: فضل الرحمن

کراچی (این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ اور قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اگلے سال پشاورمیں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام جمعیۃ کا صد سالہ اجتماع ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ جس میں امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس سمیت برطانیہ، امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، افریقہ، ہندوستان، ملائیشیا، بنگلہ دیش، نیپال اور دنیا بھر سے علماء کرام اور معززین شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچنے پر اسلام آباد سے ٹیلی فون پر جے یو آئی کے رفاہی ادارے الخیر ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی محمد ادریس سے ان کی بھابھی اور محمد طاہر انصاری کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس حادثاتی موت کو شہادت قرار دیتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور محمد طاہر انصاری کے زخمی نوجوان صاحبزادے اکرام اللہ اور کم سن راحت اللہ کی جلد صحت یابی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام وطن عزیز میں اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لئے عملی جدوجہد کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز میں اسلام کا بول بالا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسلامی تشخص کو برقرار رکھنے کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس راہ میں آنے والی تمام تر رکاوٹوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ بیان کے مطابق فضل الرحمن نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عمرہ ادائیگی کے دوران ملکی سالمیت، استحکام اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

ای پیپر-دی نیشن