• news

ڈی جی خان: چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول اور اسکے 15 ساتھیوں کا 45 روزہ ریمانڈ

ڈیرہ غازیخان (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو اور اسکے 15 ساتھیوں خالد عرف خالدی کجلانی، اسحاق چنگوانی، دین اللہ، نادر، غلام حیدر، حاکم، جمعہ، راشد، بہرام، بشیر، رزاق، ماجد، بھولا، قاسم وغیرہ کو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں ڈیرہ غازیخان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے کنونئیر و ڈی پی او ڈیرہ غازیخان کیپٹن (ر) عطا محمد، ایس پی سی ٹی ڈی بہاولپور آفتاب احمد کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی، خصوصی عدالت کے جج وجاہت حسین خان نے تھانہ بنگلہ اچھا میں درج پانچ الگ الگ مقدمات کی سماعت کی اور مقدمہ میں غلام رسول عرف چھوٹو اور 15 ساتھیوں کا 45 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 4 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا، جبکہ تھانہ بنگلہ اچھا کے دیگر چار مقدمات میں غلام رسول عرف چھوٹو کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے دوبارہ 19جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ای پیپر-دی نیشن