• news

پنجاب حکومت کا بیرون ممالک سفارتحانوں میں پولیس افسروں کو لائزن افسر تعینات کرنیکا فیصلہ

لاہور (نامہ نگار) پنجاب کے پولیس افسران کی موجیں لگ گئیں۔ پنجاب حکومت نے دوسرے ملکوں میں قائم تمام سفارتخانوں میں پولیس افسران کو بطور لائزن آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کی سفارشات پر حکومت پنجاب نے تمام سفارتخانوں میں پولیس لائزن آفیسرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان سے باہر سفارت خانوں میں پولیس لائزن افسروں کی تعیناتی کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ صوبے بھر میں 21رمضان المبارک کو یوم شہادت علیؓ، یوم القدس، جمعۃ الوداع اور آخری عشرے میں مارکیٹوں میں سکیورٹی کے لئے گزشتہ روز سی پی او میں آئی جی مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں ویڈیو لنک آرپی او کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوسرے ملکوں میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں سے پہلے پولیس لائزن افسر کی تعیناتی ترکی میں کی جائے گی۔ یہ لائزن آفیسرز پولیس سے متعلق دوسرے ملکوں میں شہریوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ مجرموں کی گرفتاری اور دیگر انفارمیشن کے تبادلے کے لئے باہمی تعاون کریں گے۔کانفرنس میں طے کیا گیا کہ 21رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر نکلنے والے تمام جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے محرم الحرام والے سکیورٹی ایس او پی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اسی طرح یوم القدس کے ساتھ ساتھ جمعۃ الوداع کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن