شریف برادران نے قوم کے بچے بچے کو قرضوں میں جکڑ دیا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایشیا کا اقتصادی ٹائیگر بنانے کے دعوے داروں نے بچے بچے کا بال بال قرضوں میں جکڑ دیا، 13سو ارب سالانہ سود ادا کرنے والا غریب ملک اپنے پائوں پر کیسے کھڑا ہو سکتا ہے؟ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں بھائیوں میں زیادہ سے زیادہ قرضے لینے اور سود ادا کرنے کا مقابلہ جاری ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب آئندہ مالی سال میں 124ارب روپے مالیت کا سود اور قرضہ ادا کرے گا جو تعلیم، صحت اور زراعت کے بجٹ سے زیادہ رقم ہے۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ موجودہ حکمرانوں کو شاید دوبارہ بجٹ پیش کرنے کی توفیق نہ ہو سکے لہٰذا اراکین اسمبلی بجٹ تقاریر کے دوران حقائق قوم کے سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کررکھی ہے۔ پہلے تو آٹھ سال بلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دئیے گئے اور پھر سپریم کورٹ کی مداخلت اور ہدایت پر بلدیاتی الیکشن ہوئے بھی تو 7 ماہ گزر جانے کے بعد انہیں وسائل اور اختیارات نہیں دئیے گئے۔ بلدیاتی نمائندوں کے انتخاب کے بعد بھی بلدیاتی اداروں کا بجٹ سرکاری ایڈمنسٹریٹر دے رہے ہیں جو حکمرانوں کی جمہوریت، گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے۔