ملتان: گھر میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی
ملتان (خبر نگار خصوصی) این ایل سی بائی پاس کے نزدیک گھر میں دھماکہ خیر مواد پھٹنے سے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے دواہلکار زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال داخل کرا دیا گیا جبکہ دھماکہ جس گھر میں ہوا وہ مبینہ طور پر سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کے زیر استعمال تھا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سیتل ماڑی کے علاقے میں ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے نزدیک ایک گھر کے اندر زوردار دھماکہ ہوا جس پر واقعہ کی اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کا عملہ ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گئے۔ اہل علاقہ کے مطابق گھر کے اندر سے دھواں نکل رہا تھا اور چیخنے چلانے کی بھی آوازیں آ رہی تھیں۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں عصمت اللہ اور خالد کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مکان سی ٹی ڈی کے چند اہلکاروں کے زیراستعمال تھا۔ ذرائع کے مطابق اس مکان میں برآمد ہونے والی خود کش جیکٹ رکھی گئی تھی جسے گزشتہ روز اہلکاروں نے اٹھایا تو وہ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی تاہم دھماکہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے الگ الگ مؤقف اختیار کئے گئے۔ کہا گیا کہ نہر کنارے میں ملنے والے دھماکہ خیز مواد کو نکالا جا رہا تھا کہ دھماکہ ہو گیا بلکہ سب سے پہلے کہا گیا کہ دھماکہ خالی پلاٹ میں ہوا جبکہ سی پی او ملتان محمد اظہر اکرم کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد مسروقہ تھا جسے سی ٹی ڈی کے اہلکار تھانے منتقل کر رہے تھے کہ اس دوران دھماکہ ہو گیا۔