مقبوضہ کشمیر: سانحہ ہندواڑہ میں ملوث10 اہلکار بے گناہ قرار، کشمیری ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کریں: علی گیلانی، یاسین ملک
سرینگر(اے این ا ین+آن لائن+نیٹ نیوز) ہندواڑہ سانحہ کے بعد ضلع کے مختلف مقامات پر تشدد کو ہوا دینے کی پاداش میں ضلع مجسٹریٹ نے 10سرکاری ملازمین کے معطلی کے احکا مات صادر کئے تھے تاہم ایک روز قبل ان ملازمین کو دو بارہ بحال کر دیا گیا ۔12اپریل2016کو جب ہندواڑہ میں ایک فوجی اہلکار نے ایک نو عمر طالبہ کے ساتھ مبینہ دست درازی کی کوشش کی تو وہا ں اس واقعہ کے خلاف تشدد بھڑک اٹھا اوراس واقعہ میں 5 انسانی جانیں ضائع ہوئیں جس کے بعد پورے ضلع میں احتجاجی لہرچلی۔ ایس ڈی ایم لولاب قاضی عرفان احمد نے تحقیقات کے بعد معطل شدہ ملازمین کو کلین چٹ دیتے ہوئے 31مئی کو ضلع مجسٹریٹ کو اپنی رپورٹ پیش کی ۔ رپورٹ میں واضح طور پرکہا گیا معطل شدہ ملازمین کسی بھی سماج دشمن سر گرمیو ں میں ملو ث ہیں نہ ہی انہو ں نے ہندواڑہ سانحہ کے بعد ضلع میں تشدد کو ہوا دی ۔ضلع مجسٹریٹ کپوارہ کمار راجیو رنجن نے تمام معطل شدہ ملازمین کو دو بارہ بحال کر دیا۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اسلام آباد (ا نت ناگ ) اسمبلی سیٹ کے لئے ہو رہے ضمنی انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم نے جدوجہد آزادی کے موجودہ مرحلے میں 6 سو مزار شہداء آباد کئے ہیں اور ووٹ ڈالنا ان شہداء کے مقدس خون کے ساتھ غداری اور سودا بازی کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لینے والی مختلف ہندنواز پارٹیاں اگرچہ لوگوں سے بجلی ، پانی اور سڑک کے نام پر ووٹ مانگتی ہیں تاہم بھارت بین الاقوامی فورموں پر اس ووٹ کو اپنے جبری قبضے کے حق میں ایک دلیل کے طور پیش کرتا ہے اور اس کو عالمی برادری کو کشمیر کے بارے میں گمراہ کرنے کا موقع ہاتھ آ جاتا ہے۔ نئی صنعتی پالیسی پر بحث کے دوران اس بات کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ ریاست میں545 غیر ریاستی باشندوں نے اپنے صنعتی یونٹوں کا قیام عمل میں لایا ہے جس میں سے بیشتر498جموں جبکہ47وادی میں موجود ہیں۔ اس دوران ریاست میں مجموعی طور پر32 ہزار سے زائد صنعتی یونٹ موجود ہیں۔ بھارتی پولیس نے کپواڑہ سے لشکر طیبہ کے اہم کمانڈر الیاس حنظلہ المعروف ابواکاشا کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی اس کا تعلق پاکستان سے ہے۔