بھارت، امریکہ، پاکستان کو افغان بارڈر پر الجھانا چاہتے ہیں: دفاع پاکستان کونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہا ہے بھارت پاک چین تعلقات میں دراڑیں ڈالنے کی کوششیں کر رہا ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ کی کھل کر حمایت کی وجہ سے مذہبی جماعتوں کیخلاف گمراہ کن پروپیگنڈا بھی انہی سازشوں کا شاخسانہ ہے، بھارتی میڈیا جھوٹے پروپیگنڈا کے ذریعہ دنیا کی آنکھوںمیں دھول جھونکنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا، امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان کی سرزمین پرناکامیوں سے دوچار ہیں، وہ بدلہ لینے کیلئے بدحواسی میں پاکستان اور اس کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کیلئے 18 کروڑ پاکستانی متحد و بیدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما اور جماعۃالدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی ، قاری یعقوب شیخ، مولانا سیف اللہ خالد، انجینئر نوید قمرودیگر نے لاہور، کراچی،ملتان، کوئٹہ اور سکھر میں سحروافطار کے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا جن میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حافظ محمد سعید نے ڈیفنس میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہانریندر مودی امریکی کانگریس میں جاکر کہتا ہے انڈیا اور امریکہ فطری اتحادی ہیں۔پاکستان کیخلاف دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا جارہا ہے لیکن انہیں یاد رکھنا چاہئے مسلمان متحدو بیدار ہیں۔ امریکہ افغانستان میں شکست کھا کر روس کی طرح عبرتناک انجام سے دوچار ہو رہا ہے۔ سعودی عر ب اور پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے خوفناک منصوبہ بندیاں کی جارہی ہیں لیکن یہ سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ بھارت و امریکہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو افغان بارڈر پر الجھانا چاہتے ہیں۔ افغانستان میں قائم قونصل خانوں میں پاک چین راہداری منصوبہ کو نقصان پہنچانے کی سازشیںکی جارہی ہیں۔ دشمن قوتوں کے مذموم منصوبے ناکام بنانے کیلئے جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ دفاع پاکستان کونسل کے تحت26جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی۔پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کراچی میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا دفاع پاکستان کونسل فعال ہو چکی۔ مایوسیاں ختم اور قوم متحد ہو رہی ہے۔ حافظ عبدالغفار روپڑی، قاری یعقوب شیخ، مولانا سیف اللہ خالد، انجینئر نوید قمرودیگر نے لاہور، کراچی،ملتان، کوئٹہ اور سکھر میں سحروافطار کے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم تمام سیاسی قیادت اور سماجی تنظیموں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ وطن عزیز پاکستان کے تحفظ کیلئے دفاع پاکستان کونسل کی تحریک میں شامل ہوں۔