اسحق ڈار کی گھڑی کی قیمت 20لاکھ لگ گئی شاہ گل آفریدی خریدار ہیں: جمشید دستی وزیرخزانہ نے پیشکش مسترد کر دی
اسلام آباد ( وقائع نگار) وزیر خزانہ کی گھڑی کی قیمت 20 لاکھ روپے لگ گئی، وزیر خزانہ نے بولی لگانے والے ایم این اے کی پیشکش مسترد کر دی، 20 لاکھ خود خیرات کرنے کا اعلان کر دیا۔ جمشید دستی نے سپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ وزیر خزانہ کی گھڑی کی ایم این اے شاہ گل آفریدی نے 20لاکھ روپے کی پیشکش کی ہے پچاس ہزار روپے کی خیرات کرنی ہے جبکہ ساڑھے انیس لاکھ روپے کسی ٹرسٹ کو دینے ہیں، اس پر وزیر خزانہ نے ایم این اے کی جانب سے دی جانے والی پیشکش کو قبول کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر شاہ گل آفریدی نے گھڑی کی قیمت بیس لاکھ روپے لگائی ہے تو یہ قیمت میں خود اپنے جیب سے ادا کروں گا، میں بیس لاکھ روپے کی آفر قبول کرکے شاہ گل آفریدی کے بیس کروڑ روپے کے کام نہیں کر سکتا۔