• news

ججز اہلخانہ کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے نامزد چیف جسٹس ہائیکورٹ کی سربراہی میں اجلاس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے کے اغوا کے بعد عدالت عالیہ لاہور کے ججز اور ان کے اہل خانہ کے تحفظ کو یقینی بنانے اور عدالتی سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے نامزد چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔ نامزد چیف جسٹس نے ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کے ہدایت کر دی۔ اجلاس میں شریک پولیس افسروں نے نامزد چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کو عدالتی سکیورٹی اور ججز اور ان کے اہل خانہ کی سکیورٹی کے حوالے سے بنائے گئے سکیورٹی پلان کے متعلق بریفنگ دی۔ نامزد چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے عدالتی سکیورٹی میں خامیوں کو دور کرنے اور ججز اور ان کے اہل خانہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدائت کی۔ اجلاس میں گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ عدالتی عملے کی سپیشل برانچ کے ذریعے دوبارہ چھان بین کرنے، ماتحت عدلیہ کے ججز، وکلاءاور سائلین کے تحفظ کوبھی یقینی بنانے کی ہدائت کی گئی۔ نامزد چیف جسٹس نے نئی ہدایات کی روشنی میں سکیورٹی پلان از سر نو مرتب کر کے اجلاس آئندہ ہفتے دوبارہ طلب کر لیا۔
سکیورٹی اجلاس

ای پیپر-دی نیشن